عالمی بینک گروپ کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے سندھ، خصوصاً کراچی میں شہری جائیدادوں پر ٹیکس کی وصولی بہتر بنانے اور بلدیاتی خدمات کی فراہمی مستحکم کرنے کے پروگرام کے لیے پندرہ کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دی ہے۔
آج جاری کردہ ایک بیان میں پاکستان کے لیے عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگآبزر نے کہا کہ سندھ کی مقامی کونسلز اس وقت اپنی آمدنی کے پچانوے فیصد سے زیادہ حصے کے لیے صوبائی حکومت سے ملنے والے فنڈز پر انحصار کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پراپرٹی ریونیو انہانسمنٹ پروگرام کے تحت صوبائی حکومت کو شہری غیر منقولہ جائیدادوں پر ٹیکس کی وصولی بہتر بنانے اور مخصوص مقامی کونسلوں کی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں مدد دی جائے گی۔