Saturday, 31 October 2026, 03:00:26 pm
 
پاکستان، سعودی عرب کا توانائی کے شعبے میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
October 30, 2026

پاکستان اور سعودی عرب نے آئل اسٹوریج، ریفائنری اپ گریڈیشن اور توانائی کے تحفظ کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاقِ رائے اسلام آباد میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں تعینات سعودی سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی کے درمیان ملاقات میں ہوا۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان نے "ٹیکس نیوٹرل بانڈڈ سٹوریج پالیسی" کی منظوری دی ہے، جس کے تحت سعودی کمپنیوں کو تجارتی بنیادوں پر تیل کے ذخائر قائم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حب، بلوچستان میں بڑے پیٹرولیم ذخیرہ کرنے اور ریفائننگ کمپلیکس کے قیام کا منصوبہ خطے میں پاکستان کی توانائی راہداری بننے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا۔

اس موقع پر سعودی سفیر نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزہ درخواستوں کی اسی روز پروسیسنگ متعارف کرانے کا اعلان کیا۔

سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی اور توانائی تعاون کے لائحہ عمل کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔