Saturday, 31 October 2026, 01:04:33 am
 
وزیراعظم کا سنگاپور کے ساتھ دوستانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ
October 30, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس امر پر زور دیا ہے کہ پاکستان، سنگاپور کے ساتھ اپنی شراکت داری کو دوطرفہ اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے پلیٹ فارم کے ذریعے کثیرالجہتی سطح پر اہمیت دیتا ہے۔

وہ سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے اسلام آباد میں گفتگو کر رہے تھے۔

شہباز شریف نے سنگاپور کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے سنگاپور کی شاندار اقتصادی تبدیلی، جدت اور ترقی کے شعبے میں کامیابیوں کو سراہا۔

فریقین نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے اور ترجیحی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا اور دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔