Saturday, 31 October 2026, 01:04:41 am
 
پاکستان، سنگاپور کا مختلف شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار
October 30, 2026

پاکستان اور سنگاپور نے تجارت، سرمایہ کاری، آفات سے نمٹنے کے انتظامات اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان باہمی احترام اور خیرسگالی پر مبنی دیرینہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کا دورہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان دوستی مضبوط بنانے اور تعاون کو وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سنگاپور نے آج ہونے والی بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کے لیے باقاعدہ دوطرفہ سیاسی مشاورت اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں پر اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کے تجارت و سرمایہ کاری کے دفتر کو دوبارہ کھولنا سنگاپور کے ساتھ کاروباری اداروں کے درمیان مضبوط روابط کے فروغ کے پاکستان کے عزم کا ثبوت ہے۔

علاقائی اور بین الاقوامی امور کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ فریقین نے علاقائی اور عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے مرکزی کردار، بین الاقوامی قانون کے احترام اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے فلسطین اور جموں و کشمیر کے تنازعات پر پاکستان کا مؤقف بھی پیش کیا۔

سنگاپور کے وزیر خارجہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کاروبار، تجارت، سرمایہ کاری، آفات سے نمٹنے کے انتظامات، ثقافت، عوامی روابط اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے مشرقِ وسطیٰ اور خلیج میں کشیدگی کم کرنے اور بحران کے حل کے لیے مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں پاکستان کے ثالث کے طور پر تاریخی اور اہم کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔

اس موقع پر فریقین نے پاکستان کے قومی ہنگامی امدادی ادارے اور سنگاپور سول ڈیفنس فورس کے درمیان آفات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔