Thursday, 01 October 2026, 03:50:26 am
 
ضلع بڈگام میں بھارتی فورسز کی فائرنگ، نوجوان شہید
September 30, 2026

فائل فوٹو

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع میں یوسمرگ کے علاقے کوراگ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے جعلی مقابلے میں نوجوان کو شہید کیا۔

قابض فورسز نے بڈگام، بارہمولہ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔

مقامی رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

بھارت نے علاقے پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے کشمیر میں دس لاکھ سے زائد فوجی تعینات کر رکھے ہیں، جس کے باعث یہ خطہ دنیا کے سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والے علاقوں میں شامل ہو گیا ہے۔

بھارتی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں جنوری انیس سو نواسی سے اب تک چھیانوے ہزار پانچ سو سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں، جن میں سات ہزار چار سو سے زائد افراد کو زیر حراست اور جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا۔

اُدھر ضلع کٹھوعہ کے سیوا تھری پن بجلی منصوبے کے کیمپ کے ایک واقعے میں بھارتی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ سمیت چار اہلکار ہلاک ہو گئے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہیڈ کانسٹیبل ابھی دیش کمار نے اپنے بعض ساتھیوں کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد اپنی سروس رائفل سے فائرنگ کر دی۔

فائرنگ میں سی آئی ایس ایف کے چار اہلکار شدید زخمی ہوئے جو بعد میں قریبی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں میں خودکشی اور باہمی فائرنگ کے واقعات بارہا رپورٹ ہوئے ہیں جو اُن سخت اور کشیدہ حالات اور دباؤ کی نشاندہی کرتے ہیں جن میں وہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔