بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں کئی سال سے قید تمام سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں ایک بیان میں حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز محمد اکبر اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو سمیت تمام زیر حراست کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے پر بھی زور دیا تاکہ جنوبی ایشیا کے خطے میں مستقل امن اور سیاسی و اقتصادی استحکام قائم کیا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ تنازع کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے حل دونوں پڑوسی ایٹمی ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کا باعث بنے گا۔
حریت کانفرنس نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں اور اپنے مقصد کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے