بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر اور بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں کے خلاف کی جانے والی سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام عالمی فورمز پر ان کے جائز نصب العین کی موثر نمائندگی کرنے اور ان کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اظہار کرنے پر پاکستان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے کردار اور اپنے حق خودارادیت کی حمایت کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، تحریک وحدت اسلامی اور پیروان ولایت نے سری نگر میں اپنے الگ الگ بیانات میں بھی پاکستانی وزیراعظم کے خطاب کو سراہتے ہوئے اسے کشمیری عوام کے جذبات کی عکاسی قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور وکالت کر رہا ہے۔
دوسری جانب، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکام کی جانب سے مختلف بہانوں سے کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ کارروائی میں حکام نے ضلع سری نگر میں سات کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چار غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔