کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تنازعہ کشمیر کو پرزور انداز میں اٹھانے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کی تعریف کی ہے اور ترکیہ کو آزادی، امن اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کا حقیقی علمبردار قرار دیا ہے۔
ترک صدر نے کشمیر سمیت جنوبی ایشیا کے تنازعات کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تنازعات اقوام متحدہ کے منشور اور اس کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل ہونے چاہئیں۔
حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس ایڈووکیٹ نے سری نگر میں ایک بیان میں ترک صدر کی تقریر کو کشمیریوں کی امنگوں کی حقیقی عکاس قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی رہنما مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے جرائم پر اس کا احتساب کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ اسی وقت ختم ہوگا جب مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہوگا۔