کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر پر اس کا مسلسل قبضہ اور اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے انکار تنازعہ کشمیر کو طول دے رہا ہے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میں تنازع کشمیر کے پرامن حل کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں پر مبنی قرارداد کی حمایت کرے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی صورتحال پر اپنی خاموشی توڑے۔
بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تنازع کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے اور اس پر زور دے کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے عین مطابق آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری پرامن حل کے لیے ایک ضروری لائحہ عمل ہے۔
حریت کانفرنس نے کشمیر کا مسئلہ حل کرو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرو اور امن حاصل کرو کے نعروں کے تحت اس معاملے پر عالمی توجہ مبذول کرانے پر زور دیا۔