Wednesday, 30 September 2026, 03:37:24 am
 

مزید خبریں

 
کل جماعتی حریت کانفرنس کی کشمیر تنازع پر بھارتی پالیسی کی شدید مذمت
September 29, 2026

بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر کے سیاسی تنازع سے نمٹنے کے لیے فوجی طاقت کے استعمال اور جنگی طرز عمل اختیار کرنے کی بھارتی بی جے پی حکومت کی پالیسی کی شدید مذمت کی ہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس ایڈووکیٹ نے سری نگر میں ایک بیان میں کشمیر کو جنوبی ایشیا کی دو جوہری طاقتوں پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعے کی بنیادی وجہ قرار دیا۔

انہوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے اس سیاسی مسئلے سے فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے نمٹنے کے عمل پر افسوس کا اظہار کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لے۔

ترجمان نے کہا کہ موجودہ مشکل صورتحال کے باوجود کشمیری عوام حق خودارادیت کے اپنے مطالبے پر ثابت قدم ہیں اور اپنی سیاسی امنگوں کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے تنازع کے حل سے جموں و کشمیر سمیت پورے جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

بھارتی فوج اور پولیس افسران کے مقبوضہ علاقے اور کنٹرول لائن کے ساتھ علاقوں کے دوروں اور مسلسل محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات بھارت کے کشمیر مخالف عزائم کی عکاسی کرتے ہیں اور ان کے باعث نہتے عوام جنگ کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں۔