معروف کشمیری حریت رہنما اور جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین الطاف حسین وانی نے کشمیر کے نصب العین کیلئے مسلسل آواز اٹھانے پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی تعریف کی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان نے دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھائی ہے اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق دنیا کے تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ ان سرکردہ ممالک میں شامل ہے جنہوں نے کشمیر اور فلسطین سمیت مسلم دنیا کو درپیش اہم مسائل پر واضح اور دوٹوک موقف برقرار رکھا ہے۔
اِس سے قبل ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب کے دوران ایک بار پھر مسئلہ کشمیر اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کو اقوام متحدہ کے منشور کے تحت حل کرنا چاہیے اور بھارت پاکستان تنازعات کے حل کے لیے بامعنی مذاکرات پر زور دیا۔
ترکیہ کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کے موقف اور فعال سفارت کاری کی بھرپور حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ ہمیشہ کی طرح آج بھی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔