آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں قومی مون سون کوآرڈینیشن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
مون سون سیزن سے متعلق تیاریوں، ممکنہ خطرات اور قومی سطح پر مربوط حکمتِ عملی کا جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس میں وفاقی وزارتوں، صوبائی و ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، فلاحی اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں مون سون کے موسم کے دوران گلیشئیر پگھلنے، سیلابی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر ممکنہ خطرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
این ڈی ایم اے نے جدید انتباہی نظام، ممکنہ خطرات کے قبل از وقت آگاہی نظام، ہمہ وقت نگرانی اور معلومات پر مبنی فیصلہ سازی سے متعلق بریفنگ دی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اجلاس کی صدارت کی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بروقت پیشگی انتباہات، مؤثر رابطہ کاری اور فعال منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا۔
وفاقی، صوبائی اور ضلعی اداروں کے درمیان فوری معلومات کے تبادلے اور وسائل کی بروقت فراہمی پر اتفاق کیا گیا۔
این ڈی ایم اے کے مربوط رابطہ کاری فریم ورک، خطرات کے پیشگی الرٹس، فلڈ مانیٹرنگ اور ایمرجنسی رسپانس پلاننگ پر شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔
سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع، شہری علاقوں، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیل پھٹنے (GLOF) کے خطرات سے دوچار علاقوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں انخلا کے منصوبوں، عوامی آگاہی مہموں اور ہنگامی وسائل کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
تمام متعلقہ اداروں نے مون سون سیزن کے دوران مؤثر رابطہ کاری، مشترکہ اقدامات اور بروقت ردِعمل یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ متوقع موسم، ممکنہ خطرات سے متعلق صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور انتظامی اداروں کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔