Sunday, 30 August 2026, 10:48:16 am
 
پمز آتشزدگی: وزیراعظم کی آٹھ ذمہ دار افراد کو فوری معطل کرکے کارروائی کی منظوری
August 29, 2026

 وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پمز آتشزدگی واقعے پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا وزیرِ اعظم کو تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ پیش کی گئی۔

وزیرِاعظم نے کمیٹی کی جانب سے نشاندہی کردہ آٹھ لوگوں کو فوری طور پر معطل کرکے انکے خلاف فوری کارروائی کرنے کی منظوری دے دی ۔ معطل کیے جانے والے افراد میں پمز کےایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور  ڈاکٹر چوہدری اویس علی شاہ، نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ ریاض، سینئیر رجسٹرار ڈاکٹر نغم، ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی پمز محمد عثمان، سی ڈی اے کی ایمرجنسی سروس کے ڈی جی ڈاکٹر عبدالرحمن شامل ہیں۔

وزیرِاعظم نے سیکیورٹی پر مامور کمپنی اور اسکے عہدیداران کے خلاف کارروائی کی بھی منظوری دی۔

وزیرِ اعظم نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر بچے کو بچانے والی نرس کے لیے ستارۂ خدمت دینے کی منظوری بھی دی۔

وزیرِ اعظم نے وارڈ میں موجود ایک نرس اور خاتون گارڈ کو او ایس ڈی بنا کر مزید تحقیقات کی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر محمد سلمان، سی ای او- این آئی ایچ (NIH) کو پمز کا ایکٹنگ ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کرنے کی ہدایت کی۔

وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ جن لوگوں کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے انکی جگہ نئے لوگوں کی فوری اور یکمشت تعینات کیا جائے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب لوگ کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

معصوم بچوں کی موت ایک ایسا اندوہناک واقعہ ہے جس پر پوری قوم غمگین ہے بچوں کے والدین کے ساتھ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں ہیں واقعے کے ذمہ داران کو مثالی سزا دلوائی جائے گی۔