Sunday, 30 August 2026, 10:46:17 am
 
ملک کے معاشی استحکام میں نمایاں بہتری آئی ہے، نائب وزیراعظم
August 29, 2026

فائل فوٹو

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی استحکام اور بین الاقوامی تشخص میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

وہ آج لندن میں پاکستانی برادری سے خطاب کر رہے تھے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اب استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نادہندگی کے دہانے سے نکل کر اقتصادی استحکام کی جانب آ گیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ مہنگائی تقریباً تیس فیصد سے کم ہو کر واحد عدد پر آ گئی ہے جبکہ پالیسی ریٹ اپنی بائیس فیصد کی بلند ترین سطح سے نمایاں طور پر کم ہو چکا ہے۔

ملک کے سفارتی محاذ پر کامیابیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک سو بیاسی ووٹوں کے ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہوا جو اس کی بڑھتی ہوئی عالمی حمایت کا عکاس ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان غزہ اور دیگر بین الاقوامی بحرانوں کے حوالے سے سفارتی کوششوں میں فعال طور پر مصروف عمل رہا ہے۔

نائب وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سمیت باضابطہ ذرائع کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور اپنی بچت رکھیں۔

اسحاق ڈار نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو دفاعی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد علاقائی استحکام کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اصولوں پر اتفاق کی صورت میں دیگر ممالک بھی اس فریم ورک میں شامل ہو سکتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی بہتر معاشی صورتحال، بڑھتے ہوئے سفارتی روابط اور بین الاقوامی شراکت داری میں اضافے سے عالمی سطح پر پاکستان کے تاثر میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔

انہوں نے پاکستان کو ترقی کی اگلی سطح تک لے جانے کے لیے قومی یکجہتی، استحکام اور تعمیری روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا۔