Sunday, 30 August 2026, 10:50:16 am
 
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پاکستان آرڈننس فیکٹریز واہ کا دورہ، پیداواری صلاحیتوں کا جائزہ لیا
August 29, 2026

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واہ میں پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس، پاکستان آرڈننس فیکٹریز کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران پاکستان آرڈننس فیکٹریز کی پیداواری صلاحیتوں، برآمدی استعدادِ کار اور ملک کے دفاعی صنعتی شعبے میں اس کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل کو پاکستان آرڈننس فیکٹریز کی مختلف سرگرمیوں اور وسیع نوعیت کے فوجی سازوسامان کی مقامی سطح پر تیاری اور پیداوار کے ذریعے ملکی دفاع مضبوط بنانے میں اس کے کردار کے بارے میں بتایا گیا۔

انہوں نے مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں اور گولہ بارود کے تجربات کا بھی مشاہدہ کیا، جو جدت، خود انحصاری اور پاکستان کی دفاعی پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے پاکستان آرڈننس فیکٹریز کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

فیلڈ مارشل کو ڈی آئی پی آر اے آرڈننس کے نفاذ کے بعد کارپوریشن میں تبدیل کرنے کے عمل میں پیشرفت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

دورے سے پاکستان کے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کو آگے بڑھانے کے لیے فوج کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔