Sunday, 29 November 2026, 08:12:06 am
 
پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، احسن اقبال
November 28, 2026

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کر کے صنعتی سرمایہ کاری کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے یہ بات آج بیجنگ میں چین کے نائب وزیرِ تجارت یان ڈونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر نے چینی منڈی کی وسیع صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین کی تقریباً تیس کھرب ڈالر کی سالانہ درآمدات کے مقابلے میں پاکستان کی چین کو برآمدات اس وقت محض تین ارب ڈالر کے لگ بھگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کی مجموعی درآمدات میں پاکستان کا حصہ صرف صفر اعشاریہ ایک فیصد ہے۔ انہوں نے ہمسایہ ملک کی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کے لیے موجود نمایاں مواقع کو اجاگر کیا۔

فریقین نے پاکستان کی برآمدات بڑھانے اور سی پیک کے خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی تیز کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر نے بیجنگ میں چین کی اسٹیٹ کونسل کے ڈیولپمنٹ ریسرچ سینٹر کے صدر  لو ہاؤ سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران فریقین نے بیجنگ اور اسلام آباد کے درمیان تحقیق کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا تاکہ پاکستان کو اپنی برآمدات میں اضافے اور معاشی خود مختاری کے حصول میں مدد مل سکے۔