Sunday, 29 November 2026, 08:12:09 am
 
اقتصادی رابطہ کمیٹی کی گندم درآمد کرنے کی حد پچیس لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی منظوری
November 28, 2026

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی فراہمی یقینی بنانے اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے غذائی سال دو ہزار چھبیس ستائیس کے لیے گندم کی درآمد کی حد بڑھا کر پچیس لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ منظوری وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آن لائن اجلاس میں دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گندم کی درآمد کی حد بڑھانے کا مقصد ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے درکار وسائل فراہم کرنا اور مارکیٹ کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ حکومت قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے بوجھ سے صارفین کو محفوظ رکھنے اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مربوط اور دور اندیش حکمت عملی ضروری ہے۔

وزیر خزانہ نے گندم کی وافر فراہمی برقرار رکھنے اور صارفین کو قیمتوں میں بلاجواز اضافے سے تحفظ فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔