وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج اسلام آباد میں سپارکو کے دورے کے دوران چین کے تیان گونگ خلائی مرکز پر موجود پاکستان کے پہلے خلانورد محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کی۔
وزیراعظم نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے محمد ذیشان علی پر بے پناہ فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ خلا میں پاکستان کے انسان بردار مشن کے آغاز کی نمائندگی کرتے ہیں۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ذیشان علی جو علم اپنے ساتھ واپس لائیں گے، وہ سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں مہارت کے حصول کے لیے پاکستان کی کوششوں میں ایک اہم باب کا اضافہ کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ذیشان علی کا سفر پاکستان کے اس یقین کی زندہ مثال ہے کہ بیرونی خلا کو پرامن مقاصد اور دنیا بھر کی پوری انسانیت کی اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ذیشان علی اپنے باصلاحیت چینی بھائیوں کے شانہ بشانہ جو تجربات کر رہے ہیں، وہ صرف پاکستان کے لیے نہیں ہیں بلکہ ان سے عالمی برادری کے اجتماعی سائنسی علم میں بھی اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز قیادت اور پاک چین دوستی کے لیے غیر متزلزل عزم نے دونوں ممالک کی سدابہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو بے مثال بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج کو محمد ذیشان علی پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی خلائی اسٹیشن پر ذیشان علی کی موجودگی چین کے ساتھ پاکستان کی آزمودہ تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا ایک قابلِ فخر ثبوت ہے۔