وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے ہسپتالوں پر مرکوز نظامِ صحت سے بیماریوں کی روک تھام پر مبنی نظام کی جانب منتقلی پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا وژن بتدریج بیماروں کے علاج پر مرکوز نظام سے حقیقی نظامِ صحت کی جانب منتقل ہو رہا ہے، جس کا مقصد ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنا ہے۔
انہوں نے صحت مند طرزِ زندگی کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے اور بیماریوں کے لاحق ہونے سے پہلے ان کی روک تھام کی ضرورت پر زور دیا۔