Saturday, 28 November 2026, 08:12:32 am
 
وزیراعظم کا مشترکہ دفاع کے مکہ اتحاد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ
November 27, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشترکہ دفاع کے مکہ اتحاد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار جمعے کے روز اسلام آباد میں سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطح کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا، جو مشترکہ دفاع کے مکہ اتحاد کی تزویراتی، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے معاہدے کی شقوں کے مطابق اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تینوں ممالک کے درمیان مضبوط اتحاد اور پختہ عزم کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے تزویراتی، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

تینوں ممالک کے وفود نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک شامل تھے۔