Friday, 02 October 2026, 09:36:33 am
 
ٹانک میں ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید
September 28, 2026

ضلع ٹانک کے علاقے وزیرآباد کے قریب ٹریفک پولیس کی گاڑی پر نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے تین کانسٹیبلز شہید اور ایک افسر شدید زخمی ہو گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمی پولیس افسر کو ہنگامی طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹانک میں ٹریفک پولیس کی گاڑی پر خوارج دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ٹریفک پولیس کے تین اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ نے سوگوار خاندانوں سے بھی اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی بے مثال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔