Tuesday, 29 September 2026, 03:38:29 am
 
امیر مقام کا خیبر پختونخوا کی ترقی کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور
September 28, 2026

اُمور کشمیر و گلگت بلتستان کے وزیر انجینئر امیر مقام نے خیبر پختونخوا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

آج پشاور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خیبر پختونخوا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کُل جماعتی کانفرنس کے انعقاد پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے صوبے میں امن و امان کی بدترین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔

امیرمقام نے کہا کہ کمزور طرز حکومت کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں کاروباری، تجارتی اور سیاحتی سرگرمیاں دن بدن کم ہو رہی ہیں۔

اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے امیر مقام نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے لانگ مارچ مسترد کر دیا ہے اور وفاقی حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔