فائل فوٹو
اسلامی تعاون تنظیم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعۂ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس عزم کا اعادہ نیویارک میں او آئی سی کے اقوام متحدہ کے لیے مستقل مبصر سفیر حمید اجی بائی اوپیلوئیرو، ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی اور کشمیر مشن یو ایس اے کے سینئر وائس چیئرمین سردار تاج خان کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سفیر حمید اجی بائی اوپیلوئیرو نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز او آئی سی ہیڈ کوارٹر پہنچائی جائیں گی اور انہیں عراق میں او آئی سی کشمیر رابطہ گروپ کے آئندہ اجلاسوں اور نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر پیش کیا جائے گا۔
ڈاکٹر غلام نبی فائی نے او آئی سی کے نمائندے کو بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔