Wednesday, 01 July 2026, 02:06:08 am
 
ضلع راجوری میں بھارتی فوج کی جانب سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں
June 21, 2026

فائل فوٹو

بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں بھارتی فوج کی جانب سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی آج تیسویں روز بھی جاری رہی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہزاروں فوجی ہیلی کاپٹرز، ڈرونز، سراغرساں کتوں، پیرا کمانڈوز اور ویلج ڈیفنس گارڈز کے اہلکاروں کی مدد سے گمبھیر، مغلا اور ڈوریمل کے جنگلات میں مسلسل آپریشن کر رہے ہیں۔

فوجی محاصرے کے دوران سینکڑوں مقامی باشندوں کو بھارتی فورسز نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور ان سے پوچھ گچھ کی جن میں بیشتر مسلمان تھے۔

فورسز نے جنگلات کے علاقے کا محاصرہ مزید سخت کر دیا ہے اور آس پاس کے علاقوں میں گھر گھر تلاشی کا عمل تیز کردیا ہے۔

پورا علاقہ میدان جنگ میں تبدیل ہو رہا ہے۔

بار بار چھاپوں اور فوجیوں کی نقل و حرکت نے علاقے میں معمولات زندگی کو مکمل طور پر درہم برہم کر دیا ہے اور عوام کو مسلسل خوف ، بے یقینی اور شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ایک طویل اور بے نتیجہ فوجی آپریشن نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا اور کشمیری عوام کی جائز سیاسی اُمنگوں کو دبانے کیلئے طاقت اور جبر کے وحشیانہ استعمال پر انحصار کر رہا ہے۔