Wednesday, 01 July 2026, 12:29:06 am
 
خواتین بڑے پیمانے پر بھارتی فوج کے مظالم کا شکار ہیں، حریت کانفرنس
June 24, 2026

فائل فوٹو

بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ خواتین بڑے پیمانے پر بھارتی فوج کے مظالم کا شکار ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے رہنماؤں شمیم شال، سید اعجاز رحمانی اور زاہد اشرف نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ قابض فوج کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے خواتین کی بے حرمتی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں یہ بات پوری عالمی برادری کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ جنوری انیس سو نواسی سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بائیس ہزار سے زائد خواتین بیوہ ہوئی ہیں جن کے شوہر بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری خواتین بھارتی قبضے میں مسلسل خوف و ہراس کے عالم میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی طرف سے انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔