فائل فوٹو
بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں مودی حکومت کی پالیسیوں کا سخت نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت بھارت کا محاسبہ کرے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پانچ اگست دو ہزار انیس سے نئی دہلی کشمیریوں کے سیاسی، آئینی، اقتصادی اور ثقافتی حقوق چھیننے کے لیے بنائی گئی پالیسیوں پر عمل کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت منظم انداز میں جبری اقدامات کے ذریعے کشمیر مخالف ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے جس کا مقصد کشمیریوں سے اختیارات چھیننا ہے ۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنماؤں نے مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے کشمیریوں کی زمینوں پر زبردستی قبضہ کرنے کے مودی سرکار کے مذموم ایجنڈے کی شدید مذمت کی ہے۔
اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں حریت رہنماؤں نے اعلان کیا کہ کشمیری عوام ان سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
دوسری جانب جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی توثیق کی ہے اور علاقے میں جاری مظالم کی مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غلام رسول نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت ہونا باقی ہے۔