Wednesday, 01 July 2026, 12:27:30 am
 
بھارتی افواج کے ہاتھوں 1989 سے اب تک 96 ہزار 498 کشمیری شہید
June 26, 2026

بھارت کے غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کشمیریوں کے اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کو دبانے کے لیے جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی تشدد کو مسلسل بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے شعبۂ تحقیق کی جانب سے تشدد کا شکار افراد سے اظہارِ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری 1989 سے اب تک بھارتی فوج نے 96 ہزار 498 کشمیریوں کو شہید کیا، جن میں 7 ہزار 419 کشمیری دورانِ حراست یا جعلی مقابلوں میں شہید کیے گئے۔

سال 2000 سے اب تک 97 ہزار 44 کشمیری گولیوں، پیلٹس اور آنسو گیس سے زخمی ہو چکے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اشرف صحرائی، الطاف شاہ، سید علی گیلانی اور مقبول بٹ سمیت ممتاز حریت رہنما دورانِ حراست انتقال کر گئے یا انہیں پھانسی دے دی گئی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد مقبوضہ علاقے میں بی جے پی حکومت کی جانب سے کارروائیاں تیز کیے جانے کے باعث کم از کم 29 ہزار 490 کشمیریوں کو حراست میں لیا گیا اور ان پر شدید تشدد کیا گیا۔