حکومتِ سندھ اور کینیا نے صحت، دوا سازی ،طبی تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
اِس حوالے سے اتفاق رائے آج کراچی میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور کینیا کے صحت کے بارے میں کابینہ سیکرٹری Aden Bare Duale کی قیادت میں ایک وفد کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
وزیراعلیٰ نے کینیا کو پاکستانی ادویات اور طبی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پاکستان اور کینیا کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافے، ادارہ جاتی شراکت داری اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔
کینیا کے سیکرٹری صحت نے بھی طبی اداروں کے درمیان مہارت کے تبادلے، عملی تعاون اور دونوں ملکوں کے درمیان اشتراکِ عمل کی نئی راہیں تلاش کرنے میں اپنے ملک کی دلچسپی ظاہر کی۔