چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا اسلام آباد میں افتتاح کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کے تجارتی شعبے کا پہلا علاقائی دفتر کراچی میں قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا اور ذرائع ابلاغ، معلومات کے تبادلے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم کو مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایک مربوط نظام کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جس میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے ذرائع ابلاغ کے اداروں، تھنک ٹینکس، دانشوروں، کاروباری اداروں، جامعات اور نوجوانوں کو یکجا کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کا شعبہ پاکستانی اور چینی میڈیا اداروں کے درمیان مستند خبروں کے تبادلے میں سہولت فراہم کرے گا اور حقائق کی جانچ پڑتال کے ذریعے غلط معلومات کی روک تھام کے لیے طریقہ کار وضع کرے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور سے دونوں ممالک کی ثقافتوں اور روایات کے بارے میں معلومات کے تبادلے کے ذریعے مزید ہم آہنگی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان مائو ننگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا آغاز ضروری اور اہم ہے۔
سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کو ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے جہاں دونوں ممالک کے ذرائع ابلاغ، تھنک ٹینکس، ماہرینِ تعلیم، کاروباری نمائندے اور نوجوان اکٹھے ہوں گے۔