Tuesday, 27 October 2026, 12:46:13 pm
 
دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں
October 27, 2026

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں تاکہ بھارت کے جموں و کشمیر پر مسلسل غیر قانونی قبضے کے باعث پیدا ہونے والی تباہ کن صورت حال کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی جا سکے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انیس سو سینتالیس میں آج کے روز بھارتی فوج نے جموں و کشمیر پر حملہ کرکے تقسیم کے منصوبے کی مکمل خلاف ورزی اور کشمیری عوام کی امنگوں کے برعکس اس پر قبضہ کر لیا تھا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت کے  غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر، آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے آج یوم سیاہ منانے اور مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔

حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔

آزاد جموں و کشمیر میں ستائیس اکتوبر انیس سو سینتالیس کو بھارتی فوج کشی اور پانچ اگست دو ہزار انیس کو بی جے پی کی زیر قیادت ہندوتوا حکومت کی جانب سے مقبوضہ علاقے کی

خصوصی حیثیت منسوخ کرنے کے غیرقانونی بھارتی اقدام کی مذمت کے لیے تمام اضلاع اور تحصیل ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی ریلیاں اور سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔

آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور وزیراعظم کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں ریلیوں کی قیادت کریں گے۔

دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیر لبریشن سیل نے ریلی کے بعد احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی ریلی کی قیادت کریں گے۔

اسی طرح پاسبان حریت جموں و کشمیر، کشمیری مہاجرین، دیگر حریت تنظیموں اور سیاسی و مذہبی جماعتوں نے یوم سیاہ منانے کے لیے بھارت مخالف ریلیوں اور سیمینارز کا اہتمام کیا ہے۔