پاکستان نے فلسطینی عوام کے وقار، انصاف اور حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
اس حمایت کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے عاصم افتخار احمد نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ماہانہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ قابض طاقت اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقے کی قانونی، جغرافیائی اور آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کے تمام غیر قانونی اقدامات فوری طور پر روکنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات میں فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع، آبادکاروں کا تشدد، الحاق کے اقدامات اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مکمل طور پر روکنا شامل ہے جو کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ غزہ امن منصوبے اور قرارداد دو ہزار آٹھ سو تین پر مکمل اور نیک نیتی سے عملدرآمد کیا جانا چاہیے، جس کا آغاز جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد اور اس کی مناسب نگرانی سے ہو۔