Thursday, 27 August 2026, 01:39:27 pm
 
وزیر داخلہ کی انسانی اسمگلنگ نیٹ ورکس کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کی ہدایت
August 27, 2026

وزیر داخلہ محسن نقوی نے انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس اور حوالہ ہنڈی مافیا کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے آج لاہور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کے زونل دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس امرپر زور دیا کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایاجائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایف آئی اے کے افسران اور اہلکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کررہی ہے اور ادارے کی آپریشنل صلاحیت مزید بہتربنانے کاسلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے کے حکام منظم جرائم پیشہ گروہوں کیخلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ٹھوس نتائج دیں۔

انہوں نے ایف آئی اے زونل آفس اپ گریڈیشن منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو اس کی جلد تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران ایف آئی اے زونل آفس لاہور کے ڈائریکٹر نے وزیر داخلہ کو اپ گریڈیشن منصوبے پر پیشرفت اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے دوران ایف آئی اے نے ایک ہزار چھ سو ستر ایف آئی آر درج کیں، پانچ ہزار میں سے چار ہزار انکوائریاںمکمل کیں اور دو سو پچانوے اشتہاری مجرموں کو گرفتار کیا۔

اجلاس میں ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر امیگریشن کائونٹرز پر نصب پرانے کیمروں کو تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔