Thursday, 27 August 2026, 11:46:26 am
 
وزیراعظم نے خطے میں امن کے فروغ کیلئے سعودی عرب کے اہم کردار کو سراہا
August 27, 2026

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کیلئے سعودی عرب کی مسلسل حمایت اور فراخدلانہ معاونت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے سعودی عرب کے اہم کردار کی تعریف کا اعادہ کیا ہے۔

وہ سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کی تکمیل پر اسلام آباد میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔

وزیراعظم نے سعودی سفیر کو پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کے مزید استحکام کیلئے سبکدوش ہونے والے سفیر کی نمایاں خدمات کو سراہا۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران پاکستان کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی، تعاون اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کو ایک یادگار اور خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنے ذاتی عزم کا اعادہ کیا۔