Thursday, 26 November 2026, 08:34:48 pm
 
صدر اور وزیراعظم کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ
November 26, 2026

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں میں 12 بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں ملک کے امن و استحکام کیلئے ان کے عزم اور قربانیوں کا مظہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر علاقے سے بیرونی سرپرستی اور معاونت میں سرگرم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنے بیان میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کے دشمنوں کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔