وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے بورڈ آف گورنرز کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے، جس کی قیادت بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر ذوالفقار بھٹہ کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کی بہتری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ بیماریوں کی نگرانی، صحت عامہ، طبی تحقیق، ویکسین اور حیاتیاتی مصنوعات کے شعبوں میں ایک "سینٹر آف ایکسیلنس" کی حیثیت رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ قومی اہمیت کے حامل اس ادارے کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ یہ اپنے فرائض مؤثر طریقے سے انجام دے سکے۔
وزیراعظم کو بورڈ آف گورنرز کی جانب سے این آئی ایچ کو درپیش ادارہ جاتی مسائل پر بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم نے این آئی ایچ کو درپیش طویل عرصے سے التوا کا شکار قانونی، انتظامی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ملک بھر میں بیماریوں کی مؤثر نگرانی، معلومات کے بروقت تبادلے اور مربوط اقدامات کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں این آئی ایچ کے بورڈ آف گورنرز کے ممبران، وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ اور اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔