اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے ایک وفد نے ریزیڈنٹ نمائندے سیموئل رزق کی قیادت میں آج اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات، کلائمیٹ فنانس کے مواقع اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یو این ڈی پی کے وفد نے قومی ترقیاتی اور موسمیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ممکنہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کا خاکہ تیار کرنے میں پاکستان کی پیش رفت کو اجاگر کیا۔
ان منصوبوں میں صاف توانائی، انفراسٹرکچر، موسمیاتی استحکام، آبی و غذائی تحفظ، ماحولیاتی نظام اور سرکلر اکانومی کے اقدامات شامل ہیں۔
وزیر خزانہ نے ان اقدامات کو قومی ترجیحات اور ٹھوس ترقیاتی نتائج سے ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ایسے منصوبوں کے انتخاب پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے جن کے نفاذ کا واضح لائحہ عمل موجود ہو اور جو بروقت پیش رفت دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔