وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں ادویات کی ٹریکنگ اور تصدیق میں سہولت فراہم کرنے کے لیے وزارت صحت کی ایپلی کیشن "محفوظ دوا" کا اجرا کر دیا ہے۔
آج اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس ایپ کو ایک شاندار اقدام قرار دیا جس کے ذریعے عوام ادویات کے مستند ہونے اور ان کی قیمتوں و دستیابی کی تصدیق کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت صحت اس ایپلی کیشن کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے اور اس کے فوائد ہر گھر تک پہنچانے کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اشتراک سے کام کرے۔
وزیراعظم نے عام آدمی کے لیے ادویات کو سستا اور قابل رسائی بنانے کی غرض سے مربوط کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سماجی و معاشی بہبود کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گی۔
وزیر صحت مصطفی کمال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایپلی کیشن کے اجرا کو انسانی جانوں کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
انہوں نے دواسازی کی صنعت کی جانب سے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے حصے کے طور پر بانوے ہزار ادویات کا ڈیٹا بیس تیار کیا گیا ہے۔