وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر جامع اقدامات کر رہی ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی، ایک مکمل "ویلیو چین" کے قیام اور برآمدات میں اضافے سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کی وسیع استعداد موجود ہے۔
انہوں نے قیمتی پتھروں کی شناخت و سرٹیفیکشن کے لیے عالمی معیار کی لیبارٹریز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے قیمتی پتھروں کی پروسیسنگ کے لیے پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو سری لنکا اور تھائی لینڈ تربیت پر بھیجنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے سیکریٹری خارجہ کو ہدایت کی کہ متعلقہ ممالک میں سفرا کے ذریعے اس حوالے سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت نجی شعبے کو قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پروسیسنگ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں تقریباً تیس کروڑ کیرٹ قیمتی پتھروں کے ذخائر موجود ہونے کا امکان ہے، جبکہ نو ہزار سے زائد کان کن پتھروں کی تیس سے زائد اقسام نکالنے کے کام میں مصروف ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جاری اقدامات کے تحت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں سہولت مراکز کے قیام کے لیے چار ارب دس کروڑ روپے مالیت کا ایک منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ قومی پالیسی برائے قیمتی پتھر 2026-2030 پر عمل درآمد کا آغاز ہو چکا ہے۔