Thursday, 26 November 2026, 08:34:51 pm
 
پاکستان خلا کی پُرامن تحقیق کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے، وزیراعظم
November 26, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے خلا کی پُرامن تحقیق اور استعمال کی غرض سے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے گزشتہ روز جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستان کے پہلے خلانورد محمد ذیشان علی کو چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن لے جانے والے شین زو-24 مشن کی کامیاب روانگی پر چینی سفیر، چین کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ خلانورد کا انفرادی سفر نہیں بلکہ چوبیس کروڑ پاکستانیوں کا سفر ہے جس سے ملکی نوجوانوں اور سائنسدانوں کے خواب اور خواہشات حقیقت میں بدل رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اب حقیقی معنوں میں ستاروں تک پہنچ گیا ہے۔