نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں دو ہزار چھبیس، ستائیس کے لیے گندم کی درآمد سے متعلق راہبر کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ملک میں گندم کے مجموعی ذخیرے، مقامی طلب و رسد کے اندازوں اور دو ہزار چھبیس، ستائیس کے لیے گندم کی درآمد کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا تاکہ ملک بھر میں اس کی بلا تعطل دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس میں پہلے سے منگوائی گئی آٹھ لاکھ میٹرک ٹن گندم کے علاوہ قومی ضرورت پوری کرنے کے لیے مزید پانچ لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے مناسب قیمتوں پر گندم کی وافر دستیابی یقینی بنانے، منڈی میں استحکام برقرار رکھنے اور کاشتکاروں اور صارفین دونوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے بروقت منصوبہ بندی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی رابطے اور مؤثر طریقہ کار کی اہمیت پر زور دیا۔