دوسرا بین الاقوامی مقابلہ حُسن قرأت آج اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گیا۔
مراکش کے قاری الیاس لم حق نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور انہیں پچاس لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا۔
پاکستان کے قاری عبدالقدوس الباز دوسرے نمبر پر رہے جنہیں تیس لاکھ روپے نقد انعام ملا، جبکہ انڈونیشیا کے دانیال محمد چبیبلہ نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے بیس لاکھ روپے کا نقد انعام اپنے نام کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ کے ہمراہ جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس سے قبل اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ قرآن مجید امن، انصاف، ہمدردی اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
امت مسلمہ میں اتحاد، یکجہتی اور تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے اختلافات کو بات چیت، حکمت اور باہمی احترام کے ذریعے حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کے لیے مقابلہ حسن قرأت کی میزبانی کرنا ایک اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور قرآن مجید کی تعلیمات کے فروغ اور مسلم ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔