Friday, 27 November 2026, 01:49:26 am
 
حکومت ملک کے خلائی پروگرام کو تیز تر کرنے کے لیے پُرعزم ہے، احسن اقبال
November 26, 2026

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ملک کے خلائی پروگرام کو تیز کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وہ شین زو-24 مشن کی کامیاب روانگی کے بعد بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ کی بلندیوں سے آگے بڑھ کر خلا تک پہنچ گئی ہے اور پاکستان چین کے انسان بردار خلائی مشن کا پہلا بین الاقوامی شراکت دار بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی خلانورد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن کے پہلے بین الاقوامی مہمان بن گئے ہیں، جبکہ ان کے خلائی تجربات موسمیاتی سختیوں کے خلاف مزاحم بیجوں اور جدید صنعتی مواد کی تیاری میں معاون ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ دو برس میں تقریباً پانچ سیٹلائٹس خلا میں بھیجے ہیں اور سیٹلائٹ ٹیکنالوجی سے قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع اور امدادی نظام کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا 2035 تک چاند پر اترنے کا ہدف ہے اور ملک آئندہ قمری مشن میں چاند پر روور بھیجنے کے لیے پُرامید ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاک چین مجوزہ نالج کوریڈور کے تحت دس برس میں دس ہزار پی ایچ ڈی اسکالرز کی تربیت کا ہدف ہے۔انہوں نے کہا کہ "اڑان پاکستان" کے تحت 2035 تک ایک ٹریلین اور 2047 تک تین ٹریلین ڈالر کی معیشت کا ہدف رکھا گیا ہے۔