امورِ کشمیر کے وزیر امیر مقام نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو یقینی بنائے۔
وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں حریت رہنما غلام صفی اور امورِ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بارے میں وزیراعظم کے رابطہ کار شبیر عثمانی کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستائیس اکتوبر بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف یومِ سیاہ کے طور پر منایا جاتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت جمہوریت کا علمبردار ہونے کا دعویٰ کرتا ہے جبکہ اس نے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم کر رکھا ہے۔
وفاقی وزیر نے کشمیری عوام کی حمایت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے اور خطے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ یقینی بنائے۔
امیر مقام نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔