آزاد جموں و کشمیر میں دو ہزار پانچ کے تباہ کن زلزلے کو آج اکیس برس مکمل ہونے پر شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز مساجد میں شہدا کی بلندی درجات، ملک کی خوشحالی اور ترقی اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعائوں سے ہوا۔
مرکزی دعائیہ تقریب آج صبح یونیورسٹی کالج گرائونڈ مظفرآباد میں منعقد ہوئی، جس میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ دو ہزار پانچ کے تباہ کن زلزلے میں ہزاروں جانوں کا ضیاع آج بھی ہمارے ذہنوں پر نقش ہے، تاہم ہم کسی بھی قدرتی آفت سے موثر طور پر نمٹنے اور اس مقصد کیلئے حکومتی وسائل بروئے کار لانے کیلئے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے امداد اور تعمیر نو کے لیے فراخدلانہ تعاون پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے علاوہ سعودی عرب، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، چین، امریکہ، برطانیہ، یورپی ممالک اور قومی و بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔