Saturday, 24 October 2026, 10:13:53 pm
 
آزاد جموں و کشمیر کا اناسیواں یومِ تاسیس آج منایا جارہا ہے
October 24, 2026

آزاد جموں و کشمیر کا اناسیواں یومِ تاسیس آج اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی اور پوری ریاست کے پاکستان سے الحاق تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

آج ریاست بھر میں عام تعطیل ہے۔

دن کا آغاز ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

یہ دن چوبیس اکتوبر انیس سو سینتالیس کو ڈوگرہ راج سے آزادی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

یومِ تاسیس کی مرکزی تقریب ریاستی دارالحکومت مظفرآباد کے پریڈ گرائونڈ میں منعقد ہوئی، جس میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیرِ اعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے قومی پرچم لہرایا۔

تقریب میں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے قومی ترانے پیش کیے گئے جبکہ تمام محکموں کی نمائندگی کرنے والے مختلف فلوٹس نے مہمانِ خصوصی کو سلامی دی۔

صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حقِ خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ ہر بین الاقوامی فورم پر اُجاگر کیا ہے۔