Wednesday, 30 September 2026, 05:07:07 am
 
کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کی کارروائی، 6.162 کلوگرام سونا برآمد
September 26, 2026

کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ، کوئٹہ نے بلوچستان کے سرحدی علاقوں کے ذریعے سونے کی سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6.162 کلوگرام سونے کے بسکٹ ضبط کر لیے، جن کی ابتدائی مالیت تقریباً 25 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

یہ کارروائی 21 ستمبر 2026 کو فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ (FEU) شیلا باغ کے عملے نے فرنٹیئر کور (FC) کے فعال تعاون اور معاونت سے انجام دی۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر اور علاقے میں مؤثر نگرانی کے دوران کسٹمز انفورسمنٹ اہلکاروں نے اسمگلنگ کی کوشش کو بروقت ناکام بناتے ہوئے سونے کے بسکٹ برآمد کر لیے۔

یہ کارروائی بلوچستان کے اہم شاہراہوں، فیلڈ انفورسمنٹ یونٹس، داخلی و خارجی راستوں اور سمگلنگ کے حساس راستوں پر جاری انٹیلی جنس بیسڈ اور مؤثر انسدادِ اسمگلنگ مہم کا حصہ ہے۔ایف ای یو شیلا باغ میں مؤثر نگرانی اور پاکستان کسٹمز اور فرنٹیئر کور کے درمیان قریبی رابطہ کاری کے باعث سمگل شدہ سونے کی بروقت نشاندہی اور ضبطگی ممکن ہوئی۔

ضبط شدہ سونا مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت سٹیٹ ویئر ہاؤس، کوئٹہ میں جمع کرا دیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ، کوئٹہ سرحد پار سمگلنگ کی روک تھام، قانونی تجارت کے تحفظ اور سرکاری محصولات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان کسٹمز متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مربوط رابطہ کاری کے ذریعے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھے گا اور سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف مروجہ قانونی ضابطے کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔