سکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر سے اب تک بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان دہشت گردوں کو بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف سکیورٹی فورسز کی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہلاک کیا گیا۔
گزشتہ روز (24 ستمبر) آپریشن شعبان میں سکیورٹی فورسز نے مزید دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر انہیں تباہ کیا اور شدید فائرنگ کے نتیجے میں پانچ بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک کر دیے گئے، جس کے بعد اب تک ہلاک ہونے والے خوارج کی مجموعی تعداد 22 ہو گئی ہے۔
خوارج کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آج ایک اور کارروائی میں ضلع نوشکی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے دستوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے نتیجے میں 11 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔