Thursday, 27 August 2026, 04:45:47 pm
 

مزید خبریں

 
سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائی، بھارتی حمایت یافتہ 14 دہشتگرد ہلاک
June 09, 2026

بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی میں چودہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

اس کے علاوہ دہشت گردوں کے زیر استعمال چار گاڑیاں اور دیسی ساختہ بم کو بھی موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں مادر وطن کے ایک بہادر فرزند لانس حوالدار محمد عباس نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

مبینہ طور پر دہشت گرد علاقے میں ایک قریبی پولیس سٹیشن اور بینکوں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری کارروائی کی گئی اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا گیا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو مؤثر طریقے سے روکا گیا اور سکیورٹی فورسز نے ان کے خلاف جوابی کارروائی کی۔