Monday, 27 July 2026, 07:43:59 am
 
سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کا ایف ایف سی لرننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر گوٹھ ماچھی کا دورہ
July 26, 2026

ورکرز ویلفیئر فنڈ (WWF) کے سیکرٹری ذوالفقار احمد نے سی بی اے ورکرز یونین کے نمائندوں کے ہمراہ ایف ایف سی لرننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر گوٹھ ماچھی، صادق آباد کا دورہ کیا، جہاں یونٹ منیجر آصف شفیع نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران یونٹ منیجر نے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کو سینٹر کی تربیتی سرگرمیوں، جدید سہولیات اور جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ سینٹر پاکستان سمیت مختلف ممالک سے آنے والے افراد کو سیفٹی، مکینیکل، الیکٹریکل، انسٹرومنٹیشن اور دیگر فنی شعبوں میں جدید صنعتی تقاضوں کے مطابق اعلیٰ معیار کی فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سینٹر مقامی نوجوانوں کو جدید اور معیاری تکنیکی تربیت فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ تربیت مکمل کرنے والے متعدد افراد مختلف صنعتی اداروں میں اہم تکنیکی عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے دورے کے دوران سینٹر کے مختلف تربیتی یونٹس، ورکشاپس، لیبارٹریز اور عملی تربیتی سہولیات کا معائنہ کیا اور جدید مشینری و تربیتی طریقہ کار کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

ذوالفقار احمد نے ایف ایف سی لرننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کی جدید سہولیات، اعلیٰ معیار کی تربیت اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے تربیتی مراکز ہنر مند افرادی قوت کی تیاری، نوجوانوں کی فنی صلاحیتوں کے فروغ اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایف ایف سی مستقبل میں بھی پیشہ ورانہ تربیت اور قومی ترقی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔