آزاد جموں و کشمیر حکومت نے میرپور ڈویژن میں کل ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ کا آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انعقاد یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
یہ بات آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹری خوشحال خان اور الیکشن کمیشن کے سیکرٹری راجہ محمد شکیل نے مظفرآباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
چیف سیکرٹری نے پولنگ کے عمل میں خلل ڈالنے یا امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کے سنگین نتائج سے خبردار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اے جے کے الیکشن کمیشن کے سیکرٹری نے بتایا کہ پولنگ کا سامان پولنگ سٹیشنوں تک پہنچا دیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری اور اے جے کے الیکشن کمیشن کے سیکرٹری نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے مسائل کے جمہوری طریقے سے حل کیلئے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کر دیں۔
آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر مصطفیٰ مغل کے مطابق مظفرآباد میں پولنگ آئندہ اتوار کو اور پونچھ میں اگلے ماہ کی دس تاریخ کو ہوگی۔